نئی دہلی،2/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) شاہین باغ میں چل رہے مظاہرے کے درمیان ایک شخص کی طرف سے کی گئی فائرنگ پر ملک بھر میں غصہ ہے۔کچھ ایسا ہی ٹویٹ اداکارہ سونم کپور نے کیا۔ انہوں نے اسے بانٹنے والی سیاست کی پیداوار بتایا۔سونم نے لکھا کہ انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ ہندوستان میں ایسے فائرنگ بھی ہوگی۔شاہین باغ میں فائرنگ سے منسلک ایک خبر کو شیئر کرتے ہوئے سونم کپور اہوجا نے لکھا، یہ کچھ ایسا ہے جس کے بارے میں میں نے کبھی سوچا تک نہیں تھا کہ ایسا ہندوستان میں ہوگا،تقسیم والی یہ خطرناک سیاست بند ہونی چاہیے،یہ نفرت کو فروغ دے رہی ہے،اگر آپ ہندو مذہب کو مانتے ہیں تو سمجھئے کہ یہ مذہب کرم اور دھرم کا ہے اور یہ دونوں میں سے کچھ نہیں ہے۔جامعہ نگر میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر فائرنگ کے دو دن بعد ہفتہ کو شاہین باغ میں گولی چلی۔ایک شخص نے سی اے اے کے خلاف دھرناکی جگہ سے کچھ ہی دور ہوا میں دو گولیاں چلائیں،فائرنگ کی آواز سن موقع پر افرا تفری مچ گئی،اگرچہ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔
جامعہ نگر میں نظر ثانی شہریت قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر فائرنگ کے بعد شاہین باغ میں بھی فائر کی گئی ہے۔مظاہرے کے مقام سے کچھ ہی فاصلے پر ایک شخص نے ہوائی فائرنگ کی۔بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نے دو یا تین فائر کئے،فی الحال وہ پولیس کی حراست میں ہے۔پولیس کی حراست میں فائرنگ کرنے والے شخص نے کہاکہ ہمارے ملک میں اور کسی کی نہیں چلے گی، صرف ہندوؤں کی چلے گی۔ارد گرد کے لوگوں نے بتایا کہ پولیس جب اسے لے جا رہی تھی، تو وہ ’جے شری رام‘ کے نعرے لگا رہا تھا،جب لوگوں نے اس سے پوچھا کہ ایسا کیوں کیا، تو اس نے کہاکہ ہمارے ملک میں کسی اور کی نہیں چلے گی،صرف ہندوؤں کی چلے گی۔